جاوید قصوری

بجلی کی قیمتوں میں اضافے قابل مذمت، صارفین پر 335ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا’جاوید قصوری

لاہور (گلف آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے بجلی کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکمران 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنا رہے ہیں ، بجلی پر 3.23روپے فی یونٹ فکس سرچارج کی منظوری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس اضافے سے صارفین پر 335ارب روپے کااضافی بوجھ پڑے گا،حکومت عوام کی مشکلات کا احساس کرئے اور اس اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے ، مافیا نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ 22کروڑ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں ۔

کسانوں اور برآمدی شعبوں کے لئے سبسڈی ختم کرنے سے جہاں ایک طرف غریب کاشتکار وں کی کمر ٹوٹ جائے گی وہاں دوسری جانب انڈسٹریز بھی تباہ ہو جائے گی ۔حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی پالیسیاں مرتب نہ کریں جن سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہو ۔ عوام کے آمدن کے ذرایعے مخدوش اور اخراجات کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکام حکومتوں کی بدولت غربت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 116ممالک کی فہرست میں اس وقت 92ویں نمبر پر ہے۔ ملک میں شرح غربت 47فیصد ہو چکی ہے۔

سیلاب کے بعد پاکستان کے 90 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں جبکہ اس سے پہلے یہ تعداد 58لاکھ افراد پرمشتمل تھی ۔موجودہ حکمرانوں کے پاس عوام کو دینے کے لئے طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں ۔ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔ امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے خواتین، بچوں سمیت 12افراد کی ہلاکت افسوسناک ہے ۔حکومت واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران کو گرفتا ر کریں ، متاثرہ خاندانوں نے ساتھ انصاف ہونا چاہئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں