چودھری پرویز الٰہی

شہبازشریف آئین سے کھلی بغاوت کی راہ پر چل پڑے ہیں’چودھری پرویز الٰہی

لاہو ر(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف آئین سے کھلی بغاوت کی راہ پر چل پڑے ہیں،لندن سے حکومت کے گاڈ فادر براہ راست ہدایات جاری کر رہے ہیں،پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کرنے سے انکار نہیں کر سکتی،جو بھی انکار کرے گا اس پر توہین عدالت لگے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کرنے والے چودھری ذوالفقار گھمن، چودھری وسیم رامے، عبداللہ یوسف وڑائچ، شجاعت نواز اجنالہ، مہر کاشف، مرزا عزیز بیگ، مظہر راں اور مرزا شمس بیگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئین کی بالادستی قائم رکھنے کیلئے پوری قوم چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے،نوازشریف کی عدلیہ کو نیچا دکھانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ایک طرف آئین کی پچاس سالہ سالگرہ منائی جا رہی ہے، دوسری طرف اسی آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں،پیپلزپارٹی آئین بنانے کا دعوی کرتی ہے تواسے آئین توڑنے کی سازش میں شریک نہیں ہونا چاہئے۔

انہوںنے کہا کہ شہبازشریف کی شکل میں قوم پرایک سال سے ذلت و رسوائی مسلط ہے،گزشتہ ایک سال کا سبق یہی ہے کہ شہبازشریف اور پاکستان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے،شہبازشریف کی ایک سالہ حکومت نے ملک کی چولیں ہلا دی ہیں،ایک سال پہلے جو شہبازشریف کو لائے تھے آج وہ بھی پچھتا رہے ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ معیشت کا پہیہ مکمل طو رپر جام ہو چکا ہے،عالمی مالیاتی اداروں میں موجودہ حکومت کی ساکھ صفر ہو چکی ہے،ایک سال میں دس لاکھ نوجوان مایوس ہو کر ملک چھوڑ چکے ہیں،عوام آٹے کیلئے قطاروں میں مر رہے ہیں۔امپورٹڈ حکومت نے عوام کو مہنگائی، افراتفری، انتشار، تباہی، بربادی، مایوسی اور ناامیدی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں