سائمن ڈول

سائمن ڈول کی بابر کے بعد کوہلی کی بیٹنگ پر بھی تنقید

ممبئی (گلف آن لائن) نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ کے بعد بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی بیٹنگ پر بھی تنقید کر دی۔انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجر بنگلور اور لکھنو سپر جائنٹس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سائمن ڈول نے ویرات کوہلی کی جانب سے سست بیٹنگ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

کمنٹری کے دوران سائمن ڈول نے ویرات کوہلی کی نصف سنچری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوہلی نے ٹیم کے لیے نہیں بلکہ ذاتی سنگ میل کے لیے رنز بنائے۔انہوں نے کہا کہ کوہلی نے ٹرین کی طرح بیٹنگ کا آغاز کیا، بہت اچھے شاٹس کھیل رہے تھے لیکن 42سے 50رنز بنانے تک انہوں 10گیندیں کھیلیں۔سائمن ڈول نے کہا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں اب سنگ میل کی کوئی گنجائش نہیں رہی، جب آپ کے پاس وکٹیں موجود ہوں تو آپ نے تیز کھیلنا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سائمن ڈول نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ پر بھی تنقید کی تھی۔پی ایس ایل 8میں پشاور اور کوئٹہ کے میچ کے دوران بابر کی سنچری پر تنقید کی تھی ، سائمن نے دوران کمنٹری کہا تھا کہ بابر اعظم ذاتی سنگ میل کے لیے سست ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا تھا کہ بابر کو سنچری کے وقت رن ریٹ کو کم کرنے کے بجائے باونڈریز تلاش کرنے پر توجہ دینی چاہیے تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں