گرین اقامہ

امارات میں غیرملکیوں کے لیے گرین اقامہ کی شرائط کا اعلان

دبئی(گلف آن لائن)متحدہ عرب امارات نے سبز اقامے یعنی گرین اقامہ کے خواہشمند غیرملکیوں کیلئے شرائط اورطریقہ کار کا اعلان کردیا ہے۔

اماراتی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گرین اقامہ 5سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے اور اس کے لیے اقامہ ہولڈرکوکسی بھی اسپانسر یا میزبان کی ضرورت نہیں ہوتی۔

گرین اقامہ آزاد یا نجی کاروبارکرنے والوں اورہنرمندوں کو دیا جاتا ہے تاہم آزاد کاروبار کے خواہشمندوں کو گرین اقامہ ویزہ حاصل کرنے کیلئے چند مقررہ شرائط پر پورا اترنا ہوگا۔اسے وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کیاجاتا ہے، اسے حاصل کرنے کیلئے امیدوار کی کم از کم تعلیم بی اے یا مساوی ہو، سالانہ آمدنی 3لاکھ 60ہزاردرھم ہو اور اس کی تصدیق کے لیے گزشتہ 2 سال کا ریکارڈ بھی فراہم کرنا ہوگا۔

گرین اقامہ کے حصول کیلئے ہنرمندوں کو ویزہ مندرجہ ذیل شرائط پوری کرنا پرہی جائے گا جن میں ملازمت کے موثرمعاہدے کے تحت ورک پرمٹ ہولڈر ہونا ضروری ہے۔آزاد ورک پرمٹ کی طرح گرین اقامہ کیلئے بھی کم از کم بی اے یا مساوی تعلیم ضروری ہے جبکہ ماہانہ آمدنی 15 ہزاردرھم ہونی چاہئیے۔

نجی کاروبار کے خواہشمند افراد کو بھی آزاد کاروبار کے لیے گرین اقامہ کی مقررہ شرائط پوری کرنی ہوں گی۔متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 5سال کی مدت پوری ہونے کے بعد گرین اقامہ کی مزید 5سال کے لیے توسیع کرائی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں