ملک بھر میں چینی کی فی کلو قیمت 98 روپے 82 پیسے مقرر

مکوآنہ (گلف آن لائن)وزارت خوراک و زراعت نے ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر چینی کی قیمت مقرر کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزارت خوراک و زراعت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آبادسمیت ملک بھر میں چینی کی پرچون قیمت 98 روپے 82 پیسے مقرر کی گئی ہے، چینی کی قیمت میں 14روپے 58 پیسے سیلز ٹیکس شامل ہو گا، چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 30 پیسے شوگر ملز کا منافع جبکہ 25 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن شامل ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرانسپورٹ لاگت 2 روپے فی کلو، پرچون فروش کا 1 روپے کلو منافع بھی مجموعی لاگت میں شامل ہو گا، چینی کی قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں چینی30 فیصد مہنگی ہوئی تھی۔ذرائع وزارت خوراک و زراعت کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر چینی فروخت کروانے کی پابند ہو گی۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑے سٹورز پر بھی چینی 125 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو گرام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں