شیریں مزاری

انتخابات، اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ طے نہ ہوسکی، پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات ختم ہوگئے، شیریں مزاری

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ بات چیت کے بعد شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ فریقین اسمبلیوں کی تحلیل اور انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے میں ناکام رہے چنانچہ بات چیت اختتام پذیر ہوگئی۔پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میڈیا نے جان بوجھ کر حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پی ٹی آئی کی پوزیشن خراب کرنے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی۔انہوںنے کہاکہ مذاکرات میں ہمارا موقف یہ تھا کہ اگر 14 مئی تک قومی اور دیگر دو صوبائی (سندھ اور بلوچستان)اسمبلیاں تحلیل کردی جاتی ہیں تو ہم ایک ہی دن عام انتخابات کرانے پر رضامند ہیں تاہم پی ڈی ایم اس پر راضی نہیں ہوئی۔

سابق وزیر نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ فریقین اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کے لیے تاریخ مقرر کرنے میں ناکام رہے چنانچہ بات چیت اختتام پذیر ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز رات گئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ملک میں انتخابات کے معاملے پر بات چیت کا تیسرا اور ممکنہ طور پر آخری دور منعقد ہوا تھا۔

مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اسحق ڈار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں فریقین نے نگراں سیٹ اپ کے تحت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی تاریخ پر کرانے پر اتفاق کیا تاہم یہ فیصلہ کہ وہ تاریخ کیا ہوگی اسے طے ہونا ابھی باقی ہے البتہ جہاں وزیر خزانہ اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے دونوں فریقین کی جانب سے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجلاس میں مثبت پیش رفت کا دعوی کیا تھا، پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کیا تھا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے پیش کردہ قابل عمل تجاویز پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں