لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک میں جتنی جلد انتخابات ہوں گے حالات اتنی جلدی معمول پر واپس آئیں گے اور اسی سے سیاسی اور معاشی استحکام بھی آئے گا ،تحریک انصاف نے ہمیشہ قانون وانصاف کی بات کی ہے،پارٹی چیئرمین عمران خان سمیت تمام لیڈر شپ 9مئی کے جلائو گھیرائو کے واقعات کی مذمت کر چکی ہے ۔
اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی تاریخ ہے کہ اس نے کبھی بھی انتشار کی سیاست نہیں کی ، ماضی میں بھی لاکھوں کی تعداد کے ساتھ ریلیاں اور مارچ کئے گئے ہیں لیکن ان میں ایک گملا تک نہیں ٹوٹا ۔ 9مئی کے واقعات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی قیادت برملا کہہ چکی ہے کہ پر تشدد واقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے لیکن اس کی آڑ میں تحریک انصاف پر ظلم کے پہاڑ نہیں توڑے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی ساری توجہ تحریک انصاف کے خلاف پراپیگنڈا مہم چلانے پر مرکوز ہے جبکہ معاشی بحران کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ توہین پارلیمنٹ کا قانون ضد بازی اور عجلت میں بنایا گیا ہے جس کے کسی طور پر بھی مثبت نتائج نہیں نکلیں گے،ایسے قوانین کے خطرناک نتائج ہوں گے اور ان سے کبھی بھی حکومتوں کی نیک نامی نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ ملک میں جو بچا کھچا آئین رہ گیا ہے اس کی ہی پاسداری کر لی جائے اور عام انتخابات کرائے جائیں تاکہ ملک کے ابتر حالات میں سدھار کے آثار پیدا ہو سکیں۔