اجلاس

چین اور کا نگو کا اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو اپ گریڈ کر نے پر اتفاق

بیجنگ (گلف آن لائن) چین کے صدر شی جن پھنگ نےبیجنگ میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے کانگو کے صدر فیلکس شیسکیدی کے ساتھ ملاقات کی ۔دونوں سربراہان مملکت نے اعلان کیا کہ چین اور کانگو کے تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔

جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون نتیجہ خیز رہا ہے اور دونوں فریقوں نے ہم نصیب معاشرہ تشکیل دیا ہے۔ چینی طرز کی جدیدیت کا کامیاب تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو اپنے اپنے قومی حالات کے مطابق جدیدیت کا راستہ تلاش کرنے کا حق اور صلاحیت حاصل ہے۔

چین جمہوریہ کانگو کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی کو مضبوط بنانے ، ایک دوسرے کی حمایت کرنے اور ترقی و بحالی کی راہ پر مشترکہ طور پر کامیابیاں حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ چین ، جمہوریہ کانگو کی صنعتی حکمت عملی کی حمایت کرتا ہے اورتوانائی، معدنیات، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور مینوفیکچرنگ میں تعاون کو مضبوط بنانے نیز ڈیجیٹل معیشت، تعلیم اور صحت میں تعاون کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔

شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں چین اور افریقہ کو پہلے سے کہیں زیادہ یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے۔ چین آزادانہ ترقی کی راہ اختیار کرنے میں افریقہ کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اپنی ترقی کے ذریعے افریقی ممالک کو نئے مواقع فراہم کرنےکے لیے تیار ہے۔ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینے اورپائیدار ترقی کے حصول میں افریقہ کی مدد کرنے کا خواہاں ہے تاکہ نئے دور میں چین افریقہ ہم نصیب معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

فیلکس شیسکیدی نے کہا کہ کانگو -چین دوستی وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے اور کانگو اپنی اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے طویل مدتی مدد اور قابل قدر حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ کانگو ،ایک چین کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور قومی وحدت کی تکمیل کے لئے چین کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرےگا۔

بات چیت کے بعد دونوں سربراہان مملکت کی موجودگی میں سرمایہ کاری، گرین اکانومی اور ڈیجیٹل اکانومی کے شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے گئے اور فریقین نے مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔ چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ اور چین کی قومی عوامی گانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چائو لہ چی نے بھی صدر فیلکس شیسکیدی سے الگ الگ ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں