عامر میر

پرویز الٰہی اپنی گرفتاری کا مدعا وزیر اعلیٰ محسن نقوی پر ڈالنے سے گریز کریں’عامر میر

لاہور (گلف آن لائن) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اپنی گرفتاری کا مدعا وزیر اعلیٰ محسن نقوی پر ڈالنے سے گریز کریں،پرویز الٰہی اینٹی کرپشن کے ہاتھوں کرپشن کے الزام میں گرفتار ہوئے ہیں، انکے قائد خود انہیں پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو قرار دے چکے ہیں۔

انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف جھوٹے الزام لگا کر سیاسی شہید نہیں بن سکتے، پنجاب کی نگران حکومت غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہے۔ پرویز الہی کو کرپشن کرنے پر محسن نقوی نے مجبور نہیں کیا تھا۔ عامر میر نے کہا کہ گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دینا سنگین مذاق ہے، قانون پرویز الٰہی سمیت ہر بدعنوان کے خلاف حرکت میں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں