جی سی یونیورسٹی

فیصل آباد جی سی یونیورسٹی، پیرا اتھلیٹکس کے انعقاد کے لیے رجسٹریشن کا آغاز

مکوآنہ (گلف آن لائن)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار پیرا اتھلیٹکس گیمز کے انعقاد کے لیے شعبہ جات اور یونیورسٹی کمیونٹی کالج سے سپیشل بچوں کے کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جی سی یونیورسٹی پیرا اتھلیٹکس 2023 کے تحت کھلاڑی ریس، تھرو جمپ، بیڈ منٹن، بیس بال، باسکٹ بال، باڈی بلڈنگ، باکسنگ، فٹ بال، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس جیسے کھیلوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جی سی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس ذیشان احمد خان کا کہنا تھا کہ کھیل سے طلبہ میں نظم وضبط کے ساتھ جیت اور ہار کو بہتر انداز میں منانے کا سلیقہ آتا ہے۔ کھیل معذوری کے ساتھ رہنے والے لوگوں کو معاشرے میں اپنی شرکت بڑھانے، ان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرنے کا ایک موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل بنیادی طور پر معاشرے میں معاشی، معاشرتی اور ثقافتی تقسیم کو ختم کرنے اورگروہوں کے مابین مشترکہ ثقافت اور رفاقت کا احساس پیدا کرنے کا کام کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں