لاہور (گلف آن لائن)مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ پہلی پنک گیمز2023ء بہت کامیاب رہیں، خواتین کاٹیلنٹ سامنے آیا ہے،پنک گیمز ہر سال منعقد کرائی جائیں گی، اگلی پنک گیمز مارچ میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر کرائی جائیں گی اور اس کی انعامی رقم دگنی کردی جائیگی، سپورٹس بورڈ پنجاب اور محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نے پنک گیمز کوانتہائی خوبصورت اور منظم انداز میں کرایا ہے جس پر ان کو مبارکباد دیتاہوں، پہلی پنک گیمز میں کی خواتین فاتحین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ ان کا کامیابی کی طرف پہلا قدم ہے،اب ہر سال وہ اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں گی،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شب پنجاب سٹیڈیم میں پہلی پنک گیمز 2023ء کی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر،ڈی جی ایچ ای سی جاوید علی میمن، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،سابق ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب طارق وٹو، ڈائریکٹر سپورٹس لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی سمیرا ستار، نائب صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار ودیگر بھی موجود تھے،مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ پہلی پنک گیمز بہت کامیاب رہی، 26یونیورسٹیز کی 1500سے زائد طالبات نے حصہ لیا،
7ایونٹس میں جاندار مقابلے ہوئے، ہر کھلاڑی نے بہترین پرفارم کیا، انہوں نے کہا کہ مردوں کیلئے سپورٹس میں بہت مواقع ہوتے ہیں مگر خواتین کو زیادہ مواقع نہیں ملتے جس کی وجہ سے ان کا ٹیلنٹ ضائع ہوجاتا ہے، اب پنک گیمز سے خواتین کا ٹیلنٹ ضائع نہیں ہوگا، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا کہ پنک گیمز کی کامیابی میں سپورٹس بورڈ پنجاب، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ آف پنجاب اور ایچ ای سی نے اہم کردار ادا کیا، ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار خواتین کو سپورٹس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملا ہے اور انہوں نے ثابت کیا ہے کہ خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے،
پنک گیمز میں خواتین نے جوش و جذبے سے حصہ لیا جس سے صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں آئے گا،انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین ایونٹ منعقد کرایا،سہولیات بہت اعلی تھیں، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سیدعمیر حسن نے کہا ہے کہ پنک گیمز کا بنیادی مقصد خواتین کو سپورٹس کی جانب راغب کرنا ہے، پہلی پنک گیمز سے نئے ٹیلنٹ کی کھیپ سامنے آئی ہے جس سے ہماری قومی ٹیمیں مضبوط ہونگی، ڈی جی ا یچ ای سی جاوید علی میمن،ریسلنگ کے ارشد ستار اور سمیرا ستار نے بھی خطاب کیا،ڈی سی لاہور رافیعہ حیدر کو ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن اور ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر نے سوینئر پیش کیا،
ڈی جی ا یچ ای سی جاوید علی میمن،ریسلنگ کے ارشد ستار، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹواور یونیورسٹیز کے ڈائریکٹرز سپورٹس بھی کو سوینئر دیئے گئے، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، ڈی جی ایچ ای سی جاوید علی میمن اور طارق وٹو نے کھلاڑیوں کو میڈلز بھی پہنائے،اختتامی تقریب میں خوبصورت ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔