کراچی(گلف آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں کسی منصوبے میں سندھ حکومت کا ایک پیسہ شامل نہیں، سندھ حکومت کی مدد کے بغیر راشن کارڈ، آئی ٹی کورس کرائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، بلا تفریق تقریباً بیس ہزار لوگوں کو راشن کارڈ تقسیم کیے ہیں، شہیدوں کی فیملیز کو بھی راشن کارڈ دیں گے، ایک ہزار پیکٹ حیدر آباد کے شہداء کی فیملیز کیلئے لیکر آیا ہوں، سندھ کا گورنر ہوں سب کو ساتھ لیکر چلوں گا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا ہے کہ آئی ٹی کورس کیلئے پانچ لاکھ لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے، گورنر ہاؤس میں کمپیوٹر لیب بن چکی ہے، سبھی کراچی کا رخ کرتے ہیں لیکن کوئی دوست نظر نہیں آیا، جس طرح کراچی والوں کے دل اسی طرح روڈ بھی ٹوٹے ہوئے ہیں، شہر کراچی کے پاس بجلی، پانی، گیس اور روزگار نہیں ہے، آج کراچی کو کوئی اون کرنے کو تیار نہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے شہر کی خدمت کی تلقین کی تھی، کراچی میں کرپشن کا بازار گرم ہے، گورنر ہاؤس میں ایک سیل فوری بنایا جا رہا ہے، جن کی زمینوں پر قبضے، رشوت طلب کی جا رہی ہے ایسے لوگ فوری طور پر گورنر ہاؤس کے سیل میں درخواست دے سکتے ہیں، شہر پر قبضے ہو رہے ہیں لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔