لاہور (گلف آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور نگراں وزیراعلی پنجاب کا مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے لکھا کہ ایک ناقابل یقین سفر کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، فیملی، کوچز، مینٹوز سمیت ساتھی کرکٹرز اور ہر شخص کا شکریہ جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔
انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ وہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں فرنچائز ٹیموں کیلئے دستیاب ہوں گے۔وہاب ریاض نے 27ٹیسٹ، 91ون ڈے اور 36ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 83، 120اور 34وکٹیں حاصل کیں۔ سابق کرکٹر نے اپنا آخری ٹیسٹ اکتوبر میں دبئی میں 2018ء میں کھیلا تھا۔
زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں 3نومبر 2020ء کو انہوں نے آخری بار ون ڈے میچ میں شرکت کی جبکہ بائیں ہاتھ کے پیسر کا 20دسمبر 2020ء کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ آخری ٹی ٹونٹی ثابت ہوا۔واضح رہے کہ وہاب ریاض ان دنوں پنجاب حکومت کے نگران وزیر ہیں، وہ کافی عرصے سے ٹیم سے باہر تھے تاہم انہوں نے متعدد بار ٹیم میں کم بیک کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔