نگران وزیراعظم

کوئی قوت ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، نگران وزیراعظم

اسلام آباد(گلف آن لائن) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئی قوت ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، جو عناصر سمجھتے ہیں ہمارے طرز زندگی کو بدل دیں گے انہیں غلط فہمی دور کرلینی چاہیئے کیوں کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اس گھر کا نظام با اختیار اور باصلاحیت لوگوں کے پاس ہے، اس لیے ہم کہیں نہیں جارہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بٹگرام میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک و قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد نگراں وزیراعظم نے ایس ایس جی کمانڈرز اور مقامی افراد میں اسناد تقسیم کیں، وزیراعظم نے لفٹ میں پھنسے بچوں کو ریسکیو کرنے والے محمد علی کو سیلوٹ کیا اور الیاس کو گلے لگاتے ہوئے تعریفی اسناد پیش کیں، اس کے علاوہ انوارالحق کاکڑ نے لفٹ میں پھنسنے والے بہادر طالب علموں کو بھی اعزازات دیئے۔

نگران وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پر ہر پاکستانی دعا گو تھا، ہمارے مستقبل کے معمار لفٹ میں پھنسے ہوئے تھے، بار بار دل بیٹھ رہا تھا، لفٹ میں پھنسے بچے میرے بیٹے نور کی طرح ہیں، پوری دنیا کی نظریں واقعہ پر لگی ہوئی تھیں، آپریشن کو کامیاب کرنے میں بہترین حکمت عملی اپنائی گئی،

یہ لمحہ خوشی منانے کا ہے، یہ ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، چیئرلفٹ واقعے پر کروڑوں لوگ پریشان تھے، دنیا دیکھ رہی تھی پاکستان اس مشکل سے کیسے نکلے گا، آپریشن میں کامیابی پر سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرلفٹ میں پھنسنے والے بچے میری قوم کا مستقبل ہیں، یہ بچے مستقبل میں پاکستان کا چہرہ روشن کریں گے،

مجھے ہر شعبہ زندگی میں ملک کیلئے خدمات انجام دینے والوں پر فخر ہے، تعلیم، صحت کی سہولتیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستان ہمارا گھر ہے اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، اس لیے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہمارے جوانوں کی شہادتیں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ہم شہداءکے مقدس لہو کے مقروض ہیں، شہداءکے لواحقین ہماری ذمہ داری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں