اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ملک سے سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کی ہے ۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر اجلاس ہوا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی معیشت کے حالیہ اعشاریوں کے بارے میں اور معیشت کو مستحکم کرنے کی ممکنہ حکمت عملیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان کی تاجر برادری اور صنعتی شعبے کے معروف افراد بھی شریک تھے، جنہوں نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو ملک سے سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کی۔
تاجر برادری کے نمائندوں نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کی بحالی کے لیے نگران حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔اجلاس میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے تناظر میں فارن ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار کی روک تھام پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔وزیراعظم نے امیگریشن اور کسٹمز حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ سمندر پار پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے گراں قدر خدمات قابل تعریف ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کسٹمز اور امیگریشن حکام کو اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی۔
وزیراعظم کو ایران کے ساتھ تبادلے کی تجارت کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹیوانا، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔اجلاس میں نجی شعبے کے معروف صنعت کاروں نے بھی شرکت کی۔