firdous-ashiq-awan

صدر عارف علوی کی صدارت کا سورج غروب ہو چکا، ایکسٹرا اننگ شروع ہو چکی

اسلام آباد(گلف آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ صدر علوی کی ایکسٹرا اننگ شروع ہو چکی۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان عارف علوی کی صدارت کا سورج غروب ہو چکا اور اب ان کی ایکسٹرا اننگ شروع ہو چکی ہے۔

امید ہے وہ اپنے پانچ سالہ دور بالخصوص آخری مہینوں میں کئے گئے غیر مقبول غیر متوازی اور غیر آئینی فیصلوں کو سدھارنے کی کوشش کریں گے اور ماضی کے بر عکس آئین، قانون اور ریاستی اداروں سے کم آہنگ ہو کر قوم کے وسیع تر مفاد پر مبنی فیصلوں کے ذریعے اپنے آپ کو ایک جماعت کی بجائے پورے ملک کا صدر ثابت کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ایکسٹرا اننگ ان کے لئے امتحان میں دئے گئے ایکسٹرا ٹائم کی صورت ہے۔خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے 5 سالہ عہدہ صدارت کی آئینی مدت مکمل ہو گئی،

عارف علوی نے 9 ستمبر 2018 کو صدارتی منصب سنبھالا تھا۔ عارف علوی عہدہ صدارت مکمل کرنے کے بعد ایوان صدر خالی نہیں کرینگے بلکہ نئے صدر کے انتخاب تک صدارتی فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔

صدر نے گزشتہ ہفتے بعض اہم مشاورتی میٹنگز کے بعد نئے صدر کے انتخاب تک فرائض ادا کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی جبکہ صدر لاہور کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد واپس پہنچے۔

اسلام آباد واپسی سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے داتا دربار پر حاضری دی اور خصوصی دعائیں بھی کیں۔آئین پاکستان کے مطابق صدارتی مدت پانچ سال ہوتی ہے،

مدت صدارت ختم ہونے کے بعد چاروں صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی نئے صدر کا انتخاب کرتی ہیں۔موجودہ صورتحال میں صدارتی انتخابات کا الیکٹورل کالج مکمل نہیں جو نئے عام انتخابات کے بعد مکمل ہوگا۔

آئین کے آرٹیکل 44 (1) کے تحت صدر مملکت نئے صدر کے انتخاب تک بطور صدر عہدہ پر فائز رہ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں