اسلام آباد (گلف آن لائن)نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے پشاور ورسک روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسندوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے،ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کر کے ہی دم لیں گے۔
پیرکو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکار کے بلند درجات کے لئے دعا گو ہیں ،شہید سکیورٹی اہلکار کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شرپسندوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ،ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کر کے ہی دم لیں گے ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ملک میں انتہا پسندوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ،سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔