hassan-murtaza

پنجاب میں افسران ایک جماعت کی مرضی کے لگ رہے ہیں،حسن مرتضیٰ کی تنقید

لاہور (گلف آن لائن) حسن مرتضٰی کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار بتائیں ڈالر بے قابو کیوں رہا؟۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی اور سابق رکنِ پنجاب اسمبلی حسن مرتضٰی نے مسلم لیگ ن کی قیادت کا نام لئے بغیر کڑی تنقید کی ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں افسران ایک جماعت کی مرضی کے لگ رہے ہیں۔ اے سی،ڈی سی،تحصیلدار اور پٹواری انکی مرضی کے ہیں۔جن کو اتحادی کہتے ہیں ان کی بھی جڑیں کاٹتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کا کاشتکار بے آسرا ہے،مجھے پتہ ہے یوریا اور فرٹیلائزر سے کس کس کو بھتہ جا رہا ہے۔

یہ نہیں ہونے دیں گے کہ آپ مارتے بھی رہو اور رونے بھی نہ دو۔ حسن مرتضٰی نے نگران حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ نگران حکومت کرسی کی نگرانی کرے مالک بننے کی کوشش نہ کرے۔آپ کو محدود وقت کیلئے ذمہ داری دی گئی،نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وقت پر انتخابات کرائے،نگران حکومت عوام کو جوابدہ نہیں۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔ اگر آئندہ عام انتخابات میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی موقع دیا تو وہ وزارتیں صوبوں کے حوالے کردی جائیں گی، جو اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت وفاق کا پاس نہیں ہونی چاہئیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد میں بیٹھے بابووں سے قربانی لیں گے، جو ہمیشہ کہتے ہیں کہ ملک نازک دور سے گذر رہا ہے۔ اب نوشتہ دیوار ہے کہ اگلی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ آصف علی زرداری نے اپنے دورِ صدارت کے دوران قوم کو اٹھارویں ترمیم کا تحفہ دیا۔ ہم عمران خان کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے،ہم پاکستان پیپلز پارٹی ہیں جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں