mohsan-naqvi

محسن نقوی کا نشتر ہسپتال ملتان کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر اظہار برہمی،ایم ایس معطل

ملتان (گلف آن لائن) نگران وزیراعلی محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ملتان کی صورتحال میں بہتری نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کا نہ ملنا، ٹیسٹ باہر سے کرانے کا کوئی جواز نہیں، ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے لئے دورے کرتا رہوں گا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کابینہ ارکان کے ہمراہ رات گئے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا۔وزیر اعلی نے ایمرجنسی، لیبارٹری، سرجیکل، نیورو، میڈیکل، فارمیسی، آئی وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں و تیمارداروں سے ملاقات کی اور علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا، مریضوں اور تیمارداروں نے طبی سہولیات کے فقدان پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔

وزیراعلی نے کئی وارڈز میں اے سی بند ہونے،پارکنگ میں اوور چارجنگ کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں تبدیل کر دیا۔وزیراعلی نے ٹیسٹ باہر سے کروانے کی شکایات،مریضوں سے غلط بیانی پر لیب انچارج کے خلاف کارروائی اور پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس ہسپتال کی صورتحال میں بہتری نہیں آئی، ادویات کا نہ ملنا اور ٹیسٹ باہر سے کرانے کا کوئی جواز نہیں، ہسپتالوں کو بہتر بنانے کیلئے دورے کرتا رہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں