دبئی (گلف آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی۔
ون ڈے بیٹرز میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ امام الحق ایک درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بھارت کے شْبمن گِل دوسرے، جنوبی افریقا کے رسی وین ڈر ڈوسن تیسرے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نویں نمبر پر آگئے ہیں۔پاکستان کے فخر زمان ایک درجے تنزلی کے بعد 10 ویں نمبر پر چلے گئے۔ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پہلے، مچل اسٹارک دوسرے اور ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔افغانستان کے راشد خان ایک درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر آ گئے ہیں اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی دسویں اور حارث رؤف 21 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ون ڈے آل راؤنڈرز میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔