لاہور (گلف آن لائن) نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ فیول اخراجات میں کمی لانے کے لئے اقدامات کیے جائیں،
پورے ریلوے نیٹ ورک کو بتدریج آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کیا جائے، فیول چوری ہر صورت روکی جائے اور آپریشنل ایفی شینسی بڑھائی جائے،ریلوے ہیلتھ سیکٹر خدمات میں بہتری کے لئے اقدامات کیے جائیں،ریلوے نیٹ ورک کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ یہ ہدایات نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو دیں۔
شاہد اشرف تارڑ نے فیول کے استعمال کی ڈیجیٹل نگرانی کرنے اور سٹوریج ڈپوز میں فیول کی فراہمی موثر طریقے سے کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ نگران وزیر نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈائون پر انتظامیہ کو شاباش دی۔وزیر ریلوے کو الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ میں اخراجات میں کمی لانے کے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وفاقی وزیر نے ریلوے کالونیوں کے تمام رہائشی یونٹس میں الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے میٹر لگانے کی ہدایت کی۔انہیں سیلاب و بارشوں سے متاثرہ ٹریک کی بحالی پر ہونے والے ریپئیر ورک بارے بھی آگاہ کیا گیا۔
شاہد اشرف تارڑ نے ڈی ایس کوئٹہ کو سبی ہرنائی سیکشن پر ٹریک بحالی کا کام 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں کیرنز ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ہسپتال کی آئوٹ ڈور سروسز کو عام پبلک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیر کی ہدایت پر ریلوے کے زیر انتظام تمام ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس ضمن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نہیں ہو گی، ریلوے خود ہسپتالوں میں جدت لائے گا۔وزیر ریلوے نے انتظامیہ کو ریلوے ہسپتالوں سے ریونیو کے حصول کے لئے اگلے جمعہ تک بزنس ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔