کراچی (گلف آن لائن)سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ مکی آرتھر ٹیم کو چھوڑ کر کیوں گئے سوال نجم سیٹھی سے کریں، ابھی ورلڈ کپ سامنے ہے، زیادہ تبدیلی سے گریز کیا جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی بری کاکردگی سے ٹیم کو ڈینٹ پڑا ہے، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کو اس صورت حال سے نکلنا ہو گا، شکست کی تمام ذمے داری کپتان بابر اعظم پر ڈالنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف 228 رنز سے شکست صرف کپتان کی وجہ سے نہیں ہوئی، آپ کی پوری ٹیم کو شکست ہوئی ہے، غلطیاں ہوئی ہیں لیکن یہی ٹیم بہتر ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ کسی بھی سطح پر تبدیلی کا یہ وقت مناسب نہیں، جو خامیاں ہیں سب کے سامنے ہیں، ایک بری پرفارمنس پر پینک بٹن نہ دبائیں، یہی شاداب خان تھا جس نے ماضی میں پرفارمنس دی ہے، یہی ٹیم نمبر ون بھی بنی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہمیں اپنی پرفارمنس بہتر کرنی ہے، پاکستان کا اعتماد ضرور خراب ہوا ہے، پاکستان ہمیشہ مشکل حالات سے باہر نکلا ہے، مجھے اْمید ہے یہی ٹیم بہتر کرے گی، ٹیم میں تبدیلی کے حوالے جواب سلیکشن کمیٹی دے گی۔انہوںنے کہاکہ ہمارا اسپن ڈیپارٹمنٹ اْس طریقے سے پرفارم نہیں کر سکا، کھلاڑیوں میں کمی نہیں ہے، بہتری کی گنجائش ہے، ان پلیئرز نے ماضی میں بھی پرفارم کر کے دکھایا ہے، 100 سال بعد بھی پاکستان ہارے گا تو آپ مجھ پر ڈال دیں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ بھارت کی ٹیم اس وقت بہت اچھی ہے، ورلڈ کپ ایک نیا ایونٹ ہے کنڈیشن مشکل ہو گی، بھارت کی کنڈیشنز پاکستان کو سپورٹ کرے گی، وہاں پاکستانی بیٹنگ کو سپورٹ ملے گی۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ ایک الگ تجربہ ہے، لوگوں میں شوق ہوتا ہے ایک بار پھر اپنے اسٹارز کو دیکھیں، پاکستان کے لیے اچھا ہے کہ یہاں پر ایونٹ ہو رہا ہے، بس 45 اوورز کھیلنا ایک امتحان ہو گا، میں نے اس ایونٹ کے لیے اجازت لی ہے۔