ریاض(گلف آن لائن)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کا معاملہ دوبارہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ ایمن الصفدی اور سامح شکری اور یورپی یونین کے مندوب اعلی برائے مشرق وسطی جوزف بوریل پر مشتمل اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
یہ اجلاس نیویارک میں جنرل اسمبلی کے78 ویں اجلاس کے جلو میں منعقد ہوا جس میں مشرق وسطی میں پائیدار امن کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں تقریبا 70 ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں اور دنیا کے مختلف ممالک کے تقریبا 50 مقررین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشرق وسطی میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں میں تعاون کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس تناظر میں سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ ہم نے فلسطین میں اپنے بھائیوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مشرق وسطی میں امن عمل کے لیے ہونے والی کوششوں کے ٹھوس نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم دو ریاستی حل کے بارے میں بات چیت کو دوبارہ منظر عام پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فلسطین اور اسرائیل تنازع کے حل کا واحد راستہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمرہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل خطے اور دنیا کے استحکام کا ذریعہ بنے گا مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستی حل اور بین الاقوامی حوالوں کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ .انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین جس انسانی بحران سے دوچار ہے اس سے نکلنے کے لیے امید کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔