،ایشیائی ترقی بینک

اس سال مہنگائی 29.2فیصد سے کم ہوکر 25فیصد پر آجائے گی،ایشیائی ترقی بینک

کراچی(گلف آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پاکستان کو 2024میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا رہے گا، ملکی معیشت انتخابات سے سنبھل سکتی ہے، الیکشن سے ملکی معیشت کو اعتماد ملے گا۔پاکستانی معیشت سے متعلق ایشیائی ترقیاتی بینک نے آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ الیکشن سے پاکستان کی معیشت سنبھل سکتی ہے، عام انتخابات سے پاکستان کی معیشت کواعتماد ملے گا۔

اے ڈی بی نے اپریل 2024 تک معاشی ایڈجسٹمنٹ پروگرام پرعمل درآمد ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سال مہنگائی 29.2فیصد سے کم ہو کر 25فیصد پر آجائے گی۔اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق توانائی کے نرخوں میں اضافے اور روپے کی گرتی قدر سے بلند مہنگائی کا دبائو برقرار رہے گا،رپورٹ میں سال 2024کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی 1.9فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق میکرو اکنامک استحکام اور بتدریج معاشی بحالی کیلئے پروگرام پر عمل کرنا ہوگا،درآمدات پرکنٹرول میں نرمی کے نتیجے میں سرمایہ کاری میں اضافے کا امکان ہے،عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ، سست معاشی گروتھ پاکستانی معیشت کیلئے بھی خطرہ قرار دیا۔کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کا معاشی استحکام مستقل پالیسی اصلاحات سے جڑا ہے،پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ مالیاتی نظم و ضبط، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ اہمیت رکھتا ہے۔اے ڈی بی نے توانائی شعبے اور دیگر سرکاری اداروں میں تیز اصلاحات پر بھی زور دیا۔ اصلاحات میں تیزی سے پیشرفت معاشی ترقی کی بحالی کیلئے ضروری ہے۔سماجی اور ترقیاتی اخراجات کے تحفظ کیلئے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

اے ڈی بی نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ رواں مالی سال میں مہنگائی کی مجموعی شرح 25فیصد تک رہے گی، مالی نظم ونسق، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ، پاور سیکٹر اور حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معیشت کو سیلاب، سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا، سیاسی عدم استحکام اور سیلاب کے باعث مہنگائی اور شرح نمو کم رہی۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحکم گروتھ کیلئے اے ڈی بی کی پاکستان اکانومی کیلئے شراکت داری جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں