لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ، چیف آرگنائزر مریم نواز اور نائب صدر شہباز شریف نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
شہبازشریف نے مدینہ مسجد مستونک کے قریب جشن عید میلاد النبی ۖ کی ریلی میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیا ۔سابق وزیراعظم نے شہید ہونے والے ڈی ایس پی مستونگ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جبکہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آمد رسول کے دِن یہ قابل نفرت فعل دنیا اور آخرت میں قابل نفرت رہے گا ، رحمت اللعالمین کی ولادت باسعادت کے دِن یہ مذموم واقعہ شیطان ہی کرسکتے ہیں ، مستونگ میں بڑھتے ہوئے بدامنی کے واقعات تشویشناک ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں۔شہبازشریف نے شہداکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی ۔ شہبازشریف نے خیبرپختونخواہ، ہنگو ، دوآبہ مسجد میں خود کش دھماکوں کی بھی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے 4 افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہل کار کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خراج تحسین کی مستحق ہے جس کی فوری فائرنگ سے ایک خودکش تھانہ دوآبہ کے گیٹ پر مارا گیا ، شجاعت وبہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو انعام اور اسناد دی جائیں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ مساجد کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے ، دہشت گرد دنیا اور آخرت دونوں میں جہنم کا ایندھن ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ شہبازشریف نے شہداکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی دہشت گردی واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا نے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے قابل فخر بیٹوں حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے ۔ مریم نواز شریف نے شہداکے اہل خانہ سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی افواج اور شہدا پر فخر ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان آہنی عزم اور بے مثال بہادری سے لڑ رہا ہے ، دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان نے عظیم ترین قربانیاں دی ہیں ، افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بہ شانہ ہے ، مریم نواز شریف نے شہداکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ۔جبکہ مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ عید میلاد النبی ۖ پرمستونگ میں دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،مستونگ میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔