حیدر آباد دکن (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کافی تجربہ کار ہوچکے ہیں، چار سال میں انہوں نے بہت کرکٹ کھیلی ہے۔حیدرآباد، دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے خلاف پہلے میچ کیلئے فائنل الیون تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم آتی جاتی ہے لیکن لڑکوں کی کوالٹی پر کوئی شک نہیں، امید ہے (آج) سے یہ لڑکے پھر فارم میں آجائیں گے، یہ کھلاڑی اپنی فارم حاصل کرنے سے ایک میچ دور ہیں۔مکی آرتھر نے کہا کہ ہماری بیٹنگ صرف بابر اور رضوان کے گرد نہیں گھومتی، ہمارے پاس امام سمیت بہت سے باصلاحیت بلے باز ہیں، سعود شکیل اور فخر زمان بھی کوالٹی بلے باز ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر نے کہا کہ شاداب بہترین آل رائونڈ پلیئر ہے، مجھے شاداب کے حوالے سے کوئی فکر نہیں وہ اپنی فارم میں جلد واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ پریشر والا ہوتا ہے، بھارتی ٹیم اچھی ہے، ہماری ٹیم بھی تیار ہے امید ہے ہم بھارت کے میچ سے قبل 2 میچز جیتیں۔ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ پاک بھارت سیاسی معاملات پر وہ گفتگو نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں، بھارتی فینز بابر، رضوان اور شاہین کو زیادہ نہیں دیکھ پاتے، آپ نے دیکھا کہ بھارتی فینز پاکستانی ٹیم کا کس طرح سے استقبال کر رہے ہیں۔