ریاض(گلف آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مراکش، مصر اور اردن کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے ٹیلی فونک رابطے کے دوران غزہ اور اس کے گرد ونواح کی صورتحال میں تازہ پیش رفت، فوجی کشیدگی اور جبری نقل مکانی کو روکنے کیلئے مشترکہ کارروائی تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رابطے کے دوران وزرائے خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ خوراک اور امدادی سامان غزہ پہنچنے کی اجازت سمیت بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کیے جانے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق ایک منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور جامع حل تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔