پشاور(گلف آن لائن) ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے موقع پر خیبر پختونخوا میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ہیلتھ ایمرجنسی ڈویژنل اضلاع میں واقع ایم ٹی آئیز اور ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں نافذ ہو گی جس کا مراسلہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے جاری کر دیا ہے۔ تمام ڈویژنز میں ایمرجنسی ہیلتھ کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں،
مراسلے میں کہا گیا کہ ٹیسٹ کے دن کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ صوبے میں 26 نومبر کو منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ٹیسٹ کیلئے پشاور، ڈی آئی خان، کوہاٹ، مردان، لوئر دیر، سوات اور ابیٹ آباد میں امتحانی مراکز قائم کر دیے جائیں گے۔