اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے، ایوان صدر سے فلسطین سے متعلق جاری ہونے والے صدر مملکت کے بیان پر وزارت خارجہ کی طرف سے وضاحت کی گئی تھی۔
منگل کو سینٹ اجلاس میں صدر مملکت کی فلسطین کے صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان سے متعلق سینیٹر میاں رضا ربانی کے نکتہ اعتراض کے جواب میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ایوان صدر سے صدر مملکت کا جو بیان جاری کیا گیا اس میں وزارت خارجہ سے کوئی رائے نہیں لی گئی، صدر مملکت نے ایک ریاستی حل کی کس تناظر میں بات کی اس کا مجھے علم نہیں ہے کیونکہ پاکستان کا ہمیشہ دو ریاستی حل کا موقف رہا ہے جس کی بنیاد 1967 کی سرحد، اقوام متحدہ کی قرارداد 242 اور او آئی سی کی قراردادیں ہیں۔
جب صدر مملکت کا بیان جاری ہوا تو ہمیں بھی ایک وضاحت جاری کرنا پڑی اور وہ وضاحت ہم نے او آئی سی سیکرٹریٹ اور اقوام متحدہ سمیت متعلقہ اداروں کو بھی بھجوائی ، اس وضاحت کو نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی میڈیا میں بھی اجاگر کیا گیا۔