چارسدہ(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر نیشنل اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف سارا ظلم نواز شریف اور ن لیگ کر رہی ہے۔ چارسدہ کے اسپتال میں طبی معائنہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے جو ماحول بنایا گیا، یہ فری اینڈ فیئر نہیں ہے۔ ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئے ہیں۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس ماحول میں اگر انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔
نواز شریف کو وزیر اعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں۔ بہتر ہے کہ انوار الحق کاکڑ کی طرح نواز شریف کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔