لاہور ( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں بلیغ الرحمن نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا اور ان کے والدین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے 9 سال پہلے آرمی پبلک اسکول پشاور میں سفاکیت کی بدترین مثال رقم کی۔
قوم کے دل آج بھی سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یاد میں رنجیدہ ہیں، بزدل دہشت گردوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنا کر تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا۔محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا نے پوری قوم اور اداروں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجا کیا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔