سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنے ساتھ ظلم کو برداشت کرلوں گا اور کررہا ہوں، لیکن جو ظلم عوام کیساتھ ہوا اسے برداشت نہیں کرسکتا۔
سیالکوٹ میں میاں محمد نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو روٹی میں چار روپے کی چھوڑ کر گیا آج پچیس روپے کی ملتی ہے، پٹرول 65 روپے لیٹر پر چھوڑ کر گیا تھا آج کتنا مہنگا ہوگیا ہے، پچاس روپے کلو والی چینی آج 150 پر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قوم پر کتنا ظلم ہوا جس کا کون ذمہ دار ہے، یہ ملک کا حال کردیا، بجلی کے بل مہنگے، گیس ناپید ہوچکی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ نہ بجلی نہ گیس، روٹی نہ پٹرول، سب چیزیں عوام کے بس سے باہر ہوگئیں، 2017 بہتر تھا یا 2023-24، جنہوں نے ملک کے ساتھ ظلم کیا ان سے پوچھیں ایسا کیوں کیا، یہ ظلم مجھے پر نہیں قوم پر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے ساتھ ظلم کو برداشت کرلوں گا اور کررہا ہوں، لیکن جو ظلم عوام کیساتھ ہوا اسے برداشت نہیں کرسکتا انشااللہ خوشحالی جو ہم سے دور ہوگئی ہے اسکو واپس لوں گا، مجھے آپ کا ساتھ چاہیے۔