لاہور ( نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ، وزیر اعظم کے نامزد امیدوار شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کسی صورت انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کیلئے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔
ایک بیان میں سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ افہام و تفہیم اور باہمی اتحاد سے ہی کیا جا سکتا ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے ملکر اسے سنوارنا ہے۔ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا میری اولین ترجیح ہے، خدمت، دیانت اور محنت کی روایت کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کسی صورت انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا،پاکستان کیلئے سب کو مل بیٹھنا ہوگا، ملک کو ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے شب و روز کاوشیں کی جائیں گی، ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ پوری تندہی، محنت اور ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے، قائد پاکستان مسلم لیگ ن، میاں نواز شریف کی قائدانہ قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔