مکوآنہ (گلف آن لائن) انسولین سمیت جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں،مہنگائی سے تنگ عوام علاج معالجے سے محروم ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کے دور میں انسولین سمیت جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہونے سے مریضوں کی چیخیں نکل گئی ہیں،غیر ملکی ادویہ ساز کمپنیوں نے انسولین منگوا نااور بنانا چھوڑ دی ہیں جس سے باعث ملک بھر میں شوگر کے کروڑوں مریضو ں کو انسولین کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،
سروے میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے ملٹی نیشنل کمپنیوں نے انسولین بنانا چھوڑ دی جس سے انسولین کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں 450روپے میں ملنے والی انسولین کی قیمت 1500تک پہنچ چکی ہے جس سے مریضوں کی قوت خرید جواب دے چکی ہے،غریب مریضوں کا کہنا ہے کہ دو قت کی روٹی پورا کرنا مشکل تھا اب جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے مزید مشکلات بڑھ گئی ہیں.
انسولین سمیت جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونیوالے اضافے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے مریضوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے،ادویات کی قیمتوں پر قابو پایا جائے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو سکے۔