لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی نشستیں مال غنیمت نہیں جو آپس میں بانٹ لی جائیں ،
ملک کو آئین و قانون اور قاعدے کے مطابق چلنا چاہیے جو بد قسمتی سے نہیں چل رہا ، ویسے اسمبلیوں کا اجلاس گھنٹوں تاخیر سے شروع ہوتا ہے لیکن مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالتی سماعت کے پیش نظر ڈاکہ ڈالنے کیلئے صبح سویرے اجلاس منعقد کر لئے گئے ۔ گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں ، ہم ملک کی بہتری کی خاطر سیاست میں آئے ہیں اور سیاست کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دیرینہ مطالبہ ہے کہ 9مئی کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے ، جو بے گناہ ہیں ان کے مقدمات ختم ہونے چاہئیں اور جو ملوث ہیں انہیں ہمارے ملک کا آئین و قانون جو کہتا ہے اس کے مطابق سزا دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پچیس کروڑ عوام با شعور اورزندہ قوم ہیں ، انہوں نے جس پارٹی کو مینڈیٹ دیا اس کو نہ صرف فارم 47کے تحت ایوانوں سے باہر رکھا گیا بلکہ جیت کے تناسب سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سے بھی محروم کر دیا گیا ۔آئین میں کہیں یہ گنجائش نہیں ہے کہ مخصوص نشستوں کو مال غنیمت سمجھ کر آپس میں بانٹ لیا ۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی توہین مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے منہ کو لگ گئی ہے جس کے نتیجے میں جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین و قانون معطل ہے ،ہم بار بار یہی کہہ رہے ہیں کہ آپ اپنے مفادات کیلئے غیر آئینی اقدامات کے ذریعے عوام کا غم و غصہ مزید نہ ں بڑھائیں،آئین کے ساتھ یہ سلوک بند ہونا چاہیے ۔