اسلام آباد(گلف آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
منگل کواسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے نوفلائی لسٹ سے نام نکالنے کیلئے فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل نہیںجس پر عدالت نے حبا فواد کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ درخواست گزار کے بیرون ملک جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں،درخواست گزار وطن واپسی پر بیان حلفی دے کہ اسے بیرون ملک جانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔بعدازاں عدالت نے حبا فواد کا نام نوفلائی لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔