ممبئی(نمائندہ خصوصی) سپر اسٹار الو ارجن کی بلاک بسٹر فلم ‘پشپا’ کے سیکوئیل کا لوگوں کو بے تابی سے انتظار ہے اور اب فلم کی ریلیز ملتوی کرکے نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔انسٹاگرام پر اداکار نے فلم کا نیا پوسٹر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایکشن دھماکہ ‘پشپا2’ 15 اگست کے بجائے رواں برس 6 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔فلم کو سکومار ڈائریکشن دے رہے ہیں جبکہ الو ارجن کے ساتھ رشمیکا مندانا اور فہد فاصل مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ ‘پشپا2’ نے ریلیز سے قبل ہی ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے اور وہ بنگالی زبان میں ریلیز ہونے والی پہلی پین انڈین فلم بن گئی ہے۔
پین انڈین فلمیں اب تک صرف پانچ زبانوں ہندی، تامل، تیلگو، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز ہوتی ہیں لیکن ‘پشپا2’ چھ زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔انٹرنیشنل اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے ‘پشپا2’ کے ڈیجیٹل حقوق 275 کروڑ روپے میں خریدے ہیں اور یہ کسی بھی تیلگو فلم کا اب تک سب سے بڑا معاہدہ ہے۔