مریم نواز

سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے، ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا’ مریم نواز شریف

لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے، ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا، پی ٹی آئی کو وہ دیا گیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا، ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو معصوم اور بے گناہ بناکر پیش کیا جارہا ہے، ملک کی تباہی کا ذمہ دار اور آئی ایم ایف کو واپس لانے والا اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے، ملک جب بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف شروع ہوجاتی ہے، اگر کسی نے سیاسی عدم استحکام لانے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر میں ماڈل بازار فری ہوم ڈلیوری پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سینٹر پرویز رشید ،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہدبخاری، صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمن ، سہیل شوکت بٹ،ماڈل بازار کمپنی کے چیئرمین و ایم این اے افضل کھوکھر ایم پی اے ثانیہ عاشق،معاون خصوصی راشد نصر اللہ ،سیکرٹری انڈسٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی ایک بار جب ہوجاتی ہے تو اسے واپس لانا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو عام لوگوں کے لیے کھانے پینے کی چیزوں میں کمی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں سنا کہ 25، 30روپے کی روٹی 12یا 14روپے پر آجائے، آج میرے والد نواز شریف روز مجھے یہ ہدایت کرتے ہیں کہ آپ نے آٹے کی قیمت بڑھنے نہیں دینی ، کیوں کہ غریب اور کچھ کھائے یا نہیں، وہ روٹی ضرور کھاتا ہے، چاہے وہ کسی بھی چیز کے ساتھ کھائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں ضروری کمی ہوئی ہے اور شہباز شریف کو چند مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں تو اس کی چند وجوہات ہیں، پچھلے 4،5سالوں میں ملک کی معیشت کے ساتھ جو ہوا ہے، جہاں پر یہ لوگ آگئے تھے، جو کہتے تھے کہ ہم آلو، ٹماٹر، پیاز کی قیمت معلوم کرنے نہیں آئے ہیں، آج انہیں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کو ان حالات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، 2013سے 2018تک جو ترقی ہوئی تھی ہمیں اس کے مقابلے میں تنزلی کی جانب جاتا ہوا پاکستان ملا تھا، لیکن اللہ کا شکر ہے نہ صرف معیشت بہتر ہوئی ہے بلکہ مہنگائی میں کمی آئی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف کو کچھ مشکل فیصلے ضرور کرنے پڑے ہیں اور جب عوام پر ٹیکس لگتا ہے تو ہمیں زیادہ تکلیف ہوتی ہے، لیکن ہم سے جو کچھ ہوسکے گا ، وہ ہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ پنجاب میں لارہے ہیں، جو 0سے 200یونٹ تک کے صارفین کو پہلے بھی بجلی سبسڈائز قیمت پر مل رہی ہے، ان کو سولر دینے لگے ہیں اور 200سے 500یونٹ تک والے صارفین کو پورا سولر سسٹم دیں گے جس سے ان کی بجلی کے بلوں میں 50فیصد کمی ہوگی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ جب ملک بہتری کی جانب گامزن ہوتا ہے، جب ملک میں عوام کی زندگی میں بہتری آتی ہے، ترقیاتی کام ہونے لگتے ہیں، مہنگائی کم ہونے لگتی ہے تو کسی نہ کسی کو اس کی تکلیف شروع ہوجاتی ہے، پتہ نہیں اس ملک کو کس کی نظر لگ جاتی ہے، چند افراد کا ایک ٹولہ بیٹھ کر ایسے فیصلے کردیتا ہے جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ 82ہزار تک پہنچی اور مارکیٹ میں بلاوجہ تیزی نہیں آتی، اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ لوگوں کو حکومت پر اعتماد ہوتا ہے کہ یہ حکومت کچھ ایسے فیصلے کررہی ہے جس سے معیشت میں اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آرہی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو 3حکومتیں ملی اور تینوں حکومتوں میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے، جس کی گواہی دنیا نے دی، اور ایک شخص ایسا ہے جس کو 4سال حکومت ملی لیکن اس نے ملک کی وہ تباہی کی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، 4سال میں ترقی کرتے ہوئے ملک کو نیچے لانے کے لیے بھی بہت بڑی نااہلی کی ضرورت ہے اور وہ اس سے بھی زیادہ نااہل تھے۔انہوں نے کہا کہ آج جو ہمارے ملکی معیشت کے حالات ہیں، عوام پر جو تکالیف ہیں، وہ اسی 4سال کا نتیجہ ہیں، آئی ایم ایف کو تو نواز شریف نے خدا حافظ کردیا تھا، آئی ایم ایف کو واپس لانا والا وہی ہے جو آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ جہاں پنجاب شروع ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا شروع ہوتا ہے، وہاں ترقی ختم ہوتی ہے اور تنزلی شروع ہوتی ہے، ان لوگوں نے 11 سالوں میں خیبرپختونخوا کو جو حال کردیا ہے وہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، انہوں نے اس دوران ایک سڑک بھی نہیں بنائی۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ اگر اس طرح کا کوئی بھی فیصلہ ہو تو وہ اپنی آنکھیں اور کان کھلیں رکھیں اور اپنے دوست اور دشمن کو پہنچائیں، بہت ہوگیا 76سالوں سے ہم انہیں چیزوں میں الجھے ہوئے ہیں، اب نہ برداشت ہوگا اور نہ برداشت کرنا چاہیے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ایک جماعت کا کام فتنہ اور انتشار پھیلانا ہے، لڑائی جھگڑا کرنا ہے، گالی گلوچ کرنا ہے، پتہ نہیں وہ کہاں سے لانچ ہوئے ہیں، اور کہاں سے انہیں پیسہ آتا ہے، وہ کبھی ملک کے لیے بات نہیں کریں گے، ہمیشہ گالم گلوچ کریں گے اور آج انہیں معصوم اور بے گناہ بناکر پیش کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے اگر کوئی دوسری خاتون بے گناہ جیل میں جاتی ہے تو مجھے بھی افسوس ہوتا ہے، کیوں کہ میں بے گناہ جیل بھگت کر آئی ہوں لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک عورت نے اس ملک کی تنصیبات پر حملہ کیا ہے، آگ لگائی ہے، انتشار پھیلایا ہے اور آپ کہیں کہ وہ معصوم ہے اور پچھلے 2 سالوں سے جیل میں بند ہے، آپ کے جرم تو پوری قوم نے ٹی وی پر دیکھے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ان لوگوں کو جب موقع ملا، ان لوگوں نے آگ اور خون کا کھیل کھیلا، میں تو بولوں گی کیوں کہ یہ میرا ملک ہے اور مجھے تکلیف ہوتی ہے، آپ سب کو بھی اس پر بولنا چاہیے، اس ملک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔پنجاب کے 36ماڈل بازارو ں سے عوام کو اشیا خورد و نوش کی فری ہوم ڈلیوری ہو گی ۔قبل ازیں وزیراعلی مریم نوازشریف نے آن لائن آرڈر کے لئے فری ہوم ڈلیوری ایپلیکیشن کا بھی افتتاح کردیا ۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ماڈل ٹائون بازار ٹائون شپ کی اپ گریڈیشن کا بھی افتتاح کردیا ۔ ماڈل ٹائون بازار میں پہلی مرتبہ ٹین سائل فیبرک شیڈ بنائے گئے ، ٹین سائل فیبرک شیڈ ہیٹ پروف، واٹر پروف اور فائر پروف ہیں ۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے ماڈل بازار کی سولر رائزیشن کے پراجیکٹ کا بھی آغاز کردیا ۔ ٹائون شپ کے ماڈل بازارمیں 200کلو واٹ کا سولر پراجیکٹ لگایا گیاہے ، وزیراعلی مریم نوازشریف نے تعمیر و بحالی کے بعد اپ گریڈڈ ماڈل بازار کا دورہ بھی کیا ، وزیراعلی مریم نوازشریف نے اشیا خورد و نوش کے مختلف سٹالز بھی دیکھے، وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ماڈل بازار کسٹمر کئیر سنٹر کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ماڈل بازار میں موجود اشیا خور دونوش کے معیار او رنرخ کا بھی جائزہ لیا ، وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ماڈل بازار میں آویزاں ریٹ لسٹ بھی چیک کیں، وزیر اعلی مریم نواز شریف نے فروزن فوڈ اور آٹا کا معیار بھی چیک کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ماڈل بازار میں موجود شہریوں سے بات چیت کر کے سہولتو ں کے بارے میں تاثرات معلوم کئے ۔ بزرگ شہری نے کہا کہ چیزیں سستی مل رہی ہیں ،ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

خواتین نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل بازار کیریٹ مناسب اور معیار عمدہ ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے تقریب میں موجود بائیک رائیڈر ز سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے رائیڈرز کے ڈیلوری باکس بھی چیک کئے اور ڈیلیوری کے دوران اشیا کا معیار برقرار رکھنے کے بارے میں دریافت کیا، وزیراعلی مریم نوازشریف نے پارکنگ شیڈ میں سولر رائزیشن پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا وزیراعلی مریم نوازشریف نے پارکنگ شیڈ کے اوپر سولر پلیٹو ں کی تنصیب کو سراہا ۔پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین محمد افضل کھوکھر نے پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں