لاہور(نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں یوم آزادی کے مناسبت سے تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ۔ جشن آزادی کے سلسلے میں سجائے گئے بازاروں میں گہما گہمی شروع ہو چکی ، سٹالز پر بڑے جھنڈے، جھنڈیاں، سبز ہلالی رنگ کے ملبوسات اور زیبائشی سامان موجود ہے، سٹالز پر بچوں کیلئے ماسک، بیجز، گھڑیاں، پونیاں، کیچر، چوڑیاں اور ٹوپیاں بھی رکھی گئی ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس دن کو بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا جائے اسی لئے محب وطن شہری تیاریوں میں مصروف ہیں، کسی کو گاڑی کیلئے جھنڈا چاہیے تو کوئی موٹرسائیکل پر جھنڈی لگوا رہا ہے۔ کوئی بازاروں میں گھروں کو سجانے کیلئے قومی پرچم کی خریداری کر رہا ہے تو کوئی چھوٹی جھنڈیاں اور بیجز خریدنے میں مصروف ہے، کچھ لوگ خواتین اور بچیوں کیلئے سبز ہلالی رنگ کی چوڑیاں خرید رہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں بچوں کی فرمائش پر خریداری کا سلسلہ جاری ہے، چھوٹے بچے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے اشیا کی خریداری میں پیش پیش ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس بار گزشتہ برس کی نسبت چیزوں کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔