کیف (نمائندہ خصوصی)یوکرینی افواج کی پیش قدمی کے بعد روس نے سرحدی ریجن بیلگوروڈ سے 11 ہزار افراد کا انخلا کروا لیا۔خبرایجنسی کے مطابق گورنر بیلگوروڈ کا کہنا تھا ضلع کراسنا یاروگا سے سرحد پر دشمن کی سرگرمیوں کے سبب انخلا کرایا جا رہا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق ایک طرف روس نے کرسک، برائنسک اور بیلگوروڈ کے علاقوں میں سخت حفاظتی نظام نافذ کردیا ہے تو دوسری طرف روس کے اتحادی بیلاروس نے بھی سرحد پر فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یوکرین کی فوج کی جانب سے 6 اگست کو روسی سرحدی علاقے کرسک پر حملے شروع کیے جانے کے بعد دونوں فوجوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں۔ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی فوج نے روسی سرزمین پر کرسک کے علاقے میں 30 کلومیٹر تک پیش قدمی کرلی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پہلی بار باقاعدہ یوکرینی فوج اور خصوصی آپریشن یونٹ روسی علاقے کرسک میں داخل ہوئے ہیں۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے علاقے کرسک سے یوکرین کی سرزمین پر ہزاروں حملے مناسب جواب کے مستحق ہیں، صرف کرسک کے اضلاع سے ہمارے علاقے سمی پر تقریباً 2 ہزار حملے کیے گئے ہیں۔