تل ابیب (نمائندہ خصوصی )اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا اعلان کیا۔ ادھر لبنان کی طرف سے گولہ باری کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس وقت لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کر رہی ہے جس کا مقصد حزب اللہ کی دہشت گردانہ صلاحیتوں کو کم کرنا اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔
فوج نے کہا کہ حالیہ کارروائیاں شمالی اسرائیل سے بے گھر ہونے والے افراد کی ان کے گھروں کو واپسی کی کوششوں کے دائرے میں کی جارہی ہیں۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی نے شمالی علاقے سے متعلق منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔