ممبئی (نمائندہ خصوصی)بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے کون بنے کروڑ پتی سیزن 16 میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں 1981 کی فلم یارانہ کے گانے، سارا زمانہ کی فلم بندی کیلیے بجلی کے جھٹکے لگے تھے۔ واضح رہے کہ وہ اکثر فلم کے سیٹس، ایوارڈ شوز اور کون بنے گا کروڑ پتی کی میزبانی کے دوران اپنے تجربات اور زندگی کے واقعات شیئر کرتے ہیں۔
اسی حوالے سے انہوں نے ایک کنٹسٹنٹ سے گفتگو کے دوران مذکورہ بالا گانے کی شوٹنگ کے دوران ‘بجلی کے جھٹکوں’ کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گانا کولکتہ کے نیتا جی سبھاش چندرا اسٹیڈیم میں رات کے وقت شوٹ کیا گیا تھا کیونکہ اس زمانے میں دن کے اوقات میں پرستار بڑی تعداد میں جمع ہوجاتے تھے۔انہوں نے اپنے آئیکونک لباس الیکٹرک جیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا اس وقت ٹیکنالوجی زیادہ ایڈوانس نہیں تھی، لہٰذا جیکٹ کی روشنیوں کو بجلی سے منسلک ایک تار سے کنٹرول کیا جا رہا تھا اور اپنے جسم کے گرد روشنیوں کی پوری تار لپیٹ رکھی تھی جبکہ انکی ٹانگ کے پیچھے سے تار میں سوئچ بورڈ میں لگا ہوا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ پھر جیسے ہی بجلی چلی، میں نے ناچنا شروع کر دیا لیکن اس لیے نہیں کہ میں ناچنا چاہتا تھا بلکہ مجھے بجلی کے جھٹکے لگ رہے تھے۔