مریم نواز

ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں، گورنر پنجاب اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں’مریم نواز شریف

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں، ہم نے میرٹ اور شفافیت پر وائس چانسلرز لگائے ہیں لیکن گورنر پنجاب یونیورسٹی میں اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں،وائس چانسلرز کی تعیناتی پر گورنر کو جس پر اعتراض تھا مسترد کرسکتے تھے، وائس چانسلر کی تعیناتی پر سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے۔

انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں صبح 9بجے سے رات 12 بجے تک کام کرتی ہوں۔ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں، سفارش بہت آتی ہیں، ایم این اے، ایم پی اے سب سفارش لاتے ہیں لیکن میں کسی کی بھی نہیں سنتی۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی پر گورنر کو جس پر اعتراض تھا مسترد کر سکتے تھے، وائس چانسلر کی تعیناتی پر سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے، ہم نے میرٹ اور شفافیت پر وائس چانسلرز لگائے ہیں لیکن گورنر پنجاب یونیورسٹی میں اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے یونیفارم کے ساتھ کیمرے لگا رہے ہیں، کوئی بھی پولیس اہلکار اس یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کالجز اور یونیورسٹیز میں منشیات کی روک تھام کے لیے بڑے بڑے گینگ پکڑے گئے ہیں، بڑے گینگز اپنے ذاتی جہازوں پر مختلف شکلوں میں منشیات لا کر بیچتے تھے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ کلینکس آن ویلز سے دیہی جگہوں پر سیکڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں، کسان کارڈ اور ٹریکٹر جب لانچ ہوا لاکھوں لوگوں نے فوری اپلائی کیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں