ہمایوں اختر خان

چھوٹے کاروبار ،ہنر سکھانے کیلئے نوجوانوںپر سرمایہ کاری کی جائے ‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ/ماموں کانجن(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور جدوجہد سے مرید والا کے مقام پر انٹر چینج کے لئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں جس سے ماموں کانجن کی عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جارہا ہے ،زراعت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے حکومت اس پر توجہ مرکوز کرے، چھوٹے کاروبار شروع کرنے اور ہنر سکھانے کیلئے نوجوانوںپر سرمایہ کاری کرنے کیلئے اسکیمیں لائی جائیں ،ان شااللہ جب بھی موقع میسر آئے گا اس علاقے کو مثالی حلقہ بنا کر دکھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این 97کے دورہ کے دوران مختلف برادریوں کے عمائدین ، کسانوں اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے دیرینہ مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ کون لوگ ان کے مسائل کے حل او ر علاقے کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں ، میں یہاں جس بھی علاقے میں گیا ہوں مجھے سوائے محرومی اور مایوسی کے کچھ نظر نہیں آیا ۔ کسان ، نوجوان ، خواتین سب مایوس ہیں ، بچوں کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں میسر نہیں، اکثریتی علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ، سیوریج کے نظام کا برا حال ہے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم اپیل کرتے ہیں کہ حکومت کسانوں پر توجہ مرکوز کرے ،کسان کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے ، زراعت کے شعبے میں جدت لانے کی ضرورت ہے ، جدید زرعی مشینری کی خریداری کیلئے سبسڈی دی جائے ، معیاری کھادوں اوربیجوں کی فراہمی کے لئے فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں اورپیداواری لاگت کم کرنے کیلئے اس پر سبسڈی دی جائے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم کھیلوں کی بھرپور سرپرستی کریں گے، کھیلوں کے میدان آباد ہونے چاہئیں تاکہ نوجوان صحتمندانہ سر گرمیوں کی جانب راغب ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں