ایران

ایران کا حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

نیویارک(نمائندہ خصوصی )ایران نے حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے سعید ایروانی نے لبنان پر صہیونی حکومت کے حالیہ جارحانہ حملوں کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام خط لکھا ہے۔ ایران نے ہفتے کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے لبنان اور پورے خطے میں اسرائیل کے اقدامات پر اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے سفارتی احاطے اور نمائندوں پر سفارتی اور قونصلر احاطے کے ناقابل تسخیر ہونے کے بنیادی اصول کی خلاف ورزی کے خلاف سختی سے انتباہ کرتا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اس قسم کی جارحیت کو دوبارہ برداشت نہیں کرے گا۔اپنے خط میں سعید ایروانی نے مزید کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے لبنان پر حملے میں امریکی اسلحہ استعمال کیا ہے۔ ان حملوں سے اسرائیل نے ثابت کیا ہے کہ وہ خطے اور دنیا کے امن کے لئے بڑا خطرہ ہے جو مشرق وسطی میں تباہی لاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں