عطا تارڑ

قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، پارلیمان کی منشاء اور اختیار پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،وزیراطلاعات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پارلیمان بالادست ادارہ ہے، قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، پارلیمان کی منشاء اور اختیار پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے، پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے،امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی، سرکاری وسائل کو استعمال کر کے وفاق پر لشکر کشی کسی صورت ناقابل قبول ہے، انقلاب لانا ہے تو خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لائیں،پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، پچھلے سال 32 فیصد سے رواں سال 9.6 فیصد پر مہنگائی کا آنا بڑا کارنامہ ہے، مستقبل میں مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں، 12 سے زائد سربراہان مملکت اس سمٹ میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کا کامیاب دورہ کر کے وطن واپس آئے، وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کو بہت پذیرائی ملی، وزیراعظم کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے، دیگر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں بھی بہت حوصلہ افزاء رہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم سے عالمی رہنمائوں کی ملاقاتوں سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تقویت ملی، پاکستان کی خارجہ پالیسی نے ثابت کیا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ملک ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مسئلہ فلسطین اور اسرائیلی جارحیت پر وزیراعظم نے بھرپور انداز میں آواز بلند کی، وزیراعظم نے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے جنگی جرائم کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے،سوشل میڈیا پر بھی وزیراعظم کے خطاب کو سب سے زیادہ دیکھا گیا، پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مسائل کے حوالے سے آواز اٹھائی۔

وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں ہم نے اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کا بائیکاٹ کیا، وزیراعظم کے واک آئوٹ کے بعد دیگر ممالک نے بھی جنرل اسمبلی اجلاس سے واک آئوٹ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے وقت ہال تقریباً خالی ہو چکا تھا، فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا، فلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیراعظم کا بازو پکڑ کر کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، فلسطین کے صدر نے فلسطین کاز کے لئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، پاکستان کا دنیا میں واحد ملک ہے جس کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ پاسپورٹ ماسوائے اسرائیل کے تمام ممالک کے لئے کارآمد ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ فلسطینی صدر نے امدادی سامان بھیجنے اور فلسطینی طالب علموں کو میڈیکل کالجز میں داخلے کو سراہا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ فلسطینی صدر نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر ہمارے حقوق کی بات کی، وزیراعظم نے بھرپور انداز میں اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ لڑا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں برہان وانی کا خصوصی ذکر کیا، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی شرح نمو میں اضافے اور مہنگائی میں کمی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے،آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کو سراہا، پالیسی ریٹ کم ہونے سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، ترکیہ کی معیشت نے پچھلی کئی دہائیوں کے اندر جس طرح ترقی کی اس کی پوری مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ پچھلے سال 32 فیصد سے اس سال 9.6 فیصد پر مہنگائی کا آنا بڑا کارنامہ ہے، مستقبل میں مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بلومبرگ نے بھی پاکستانی کی معیشت کو بہتر قرار دیا ہے، جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ، پالیسی ریٹ اور مہنگائی میں کمی، ایکسپورٹس میں 14 فیصد اضافہ، سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول خوش آئند ہیں، دنیا کے ممالک نہ صرف ہماری معاشی پالیسی کو تسلیم کر رہے ہیں بلکہ اسے سراہ رہے ہیں، پٹرول کی قیمت میں مسلسل پانچویں مرتبہ کمی کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کئے جا رہے ہیں،پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے،انقلاب لانا ہے تو خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لائیں۔ا نہوںنے کہاکہ انقلاب لانا ہے تو خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے امن و امان کی صورتحال کو بہتر کریں،ایک طرف خیبر پختونخوا میں حملے ہو رہے ہیں اور دوسری طرف یہ انقلاب لا رہے ہیں، کیا ہی اچھا ہوتا آپ خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے انقلاب لاتے، یہ ملک کی معیشت کی بہتری کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت کا نہ تعلیم پر فوکس ہے، نہ صحت پر۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی ملکی معیشت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے لیکن یہ کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ناکامی ان کا مقدر ہے، یہ جو اقدامات کر رہے ہیں اس پر قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمان بالادست ادارہ ہے، قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، پارلیمان کی منشاء اور اختیار پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے، پارلیمان کی بالادستی کے لئے اقدامات ضروری سمجھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ستمبر 2024ء میں مہنگائی مزید کم ہوئی ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہماری معاشی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں، اس کے اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کام کر رہی ہیں، مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کرنے کے لئے بھرپور کام کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کو بھی چاہئے کہ وہ قیمتیں کم ہونے کے اثرات اپنے صوبے کے عوام کو بھی منتقل کروائیں، پانچ دس گاڑیوں سے انقلاب نہیں آتا، ان سے لوگ اکٹھے نہیں ہو رہے۔

انہوںنے کہاکہ انقلاب کے خواب دیکھنے والوں سے پہلے بھی کہہ چکا ہوں تبدیلی کا جذبہ تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے، 12 سے زائد سربراہان مملکت اس سمٹ میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی ترقی، سافٹ امیج کے لئے یہ سمٹ سنگ میل ثابت ہوگی، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں،
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں