اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ لاٹھی،گولی سے ملک نہیں چلتے، گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ حل ہے ۔ ایک انٹرویو میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کی اننگزکا ابھی آغاز ہے، جب ہجوم اکٹھا ہوگیا تو پھر کسی کی نہیں سنے گا، ملک میں پرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین مطالبات ہیں، سیاسی قیدیوں کی رہائی ہونی چاہیے،راستہ گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے،عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہا کردیا جائے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے بعد گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے اور اداروں کوبھی شامل کرنا چاہیے، اگربانی پی ٹی آئی محمود اچکزئی، مولانا کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں تو نوازشریف، زرداری سے بھی ہونی چاہیے، حکومت کا کام ہوتا ہے ملک میں استحکام لیکرآئے، لاٹھی،گولی سےملک نہیں چلتے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کے بیان سے تحریک انصاف کوکافی نقصان ہوا ہے، بشری بی بی سیاست دان نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کو پروفیشنل ٹیم کوساتھ لے کرچلنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک قدم عمران خان، دو قدم حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پیچھے کی طرف لے، اس وقت ملک کوسیاسی گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔