پشاور (نمائندہ خصوصی)پی ٹی آئی رہنما اور وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی معاون خصوصی مشال اعظم یوسفزئی کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔وزیراعلی سیکرٹریٹ کی جانب سے مشال اعظم کو معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔
مشال یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہیں معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک انٹرویو کی بنیاد پرمجھے ڈی نوٹیفائی کردیاگیا۔ واضح رہے کہ انٹرویو میں مشال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ بشری بی بی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہی کہا تھا ڈی چوک جانا ہے، بشری بی بی کو جب بانی پی ٹی آئی نے کہا تو کیسے پیچھے ہٹتیں؟۔ مشال یوسفزئی نے دعوی کیا کہ بشری بی بی واپس نہیں جانا چاہتی تھیں، بشری بی بی کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی، ان کی گاڑی پر کیمیکل پھینکا گیا جس سے اس کا شیشہ دھندلا ہو گیا، اس لیے انھیں گاڑی تبدیل کرنی پڑی، میں بھی بشری بی بی سے اس دوران الگ ہوگئی۔