کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے سینئر وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی توڑنے کی نہیں جوڑنے کی بات کرتی ہے،پیپلز پارٹی کے پاس قربانیوں، جدوجہد اور کارناموں کی ایک تاریخ ہے، جو کسی اور سیاسی جماعت کے پاس نہیں،جب بانی پی ٹی آئی اور اس کا ٹولہ ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ کر گیا، اس وقت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیٹف سے پاکستان کا نام نکلوایا اور عالمی سطح پر کلائمیٹ جسٹس کا مطالبہ کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔سینئیرصوبائی وزیر نے پارٹی کی قیادت، کارکنان اور حامیوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، جنہوں نے ملک کو آئین، ایٹمی طاقت، طبی سہولتیں اور تعلیمی ادارے فراہم کیے۔انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے خواتین سمیت ہر مکتبہ فکر کے لیے وہ کام کیے جو پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے، جیسے فرسٹ وومن بینک، وومن پولیس اسٹیشن اور بیسک ہیلتھ یونٹس کا قیام۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا اور حقوق بلوچستان کی پالیسی پر عمل درآمد کیا۔شرجیل انعام میمن نے یاد دلایا کہ جب بانی پی ٹی آئی اور اس کا ٹولہ ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ کر گیا، اس وقت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیٹف سے پاکستان کا نام نکلوایا اور عالمی سطح پر کلائمیٹ جسٹس کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی عوامی نوعیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی آج بھی 21 لاکھ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کر رہی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے۔ صوبائی وزیر نے پیپلز پارٹی کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی اور پارٹی کے شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوموں، محکوموں اور پسماندہ طبقوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے اور جمہوریت، انصاف اور عوام کو بااختیار بنانے کے اپنے اصولوں پر قائم ہے۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی منصوبوں کو جاری رکھے گی تاکہ سندھ اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔