مولانا فضل الرحمان

اراکینِ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے ابہام سے غیرجانبداری کا دعویٰ مشکوک ہوگیا، مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد(گلف آن لائن)حکومت مخالف متحدہ اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سرابرہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے ابہام سے غیرجانبداری کا دعویٰ مشکوک ہوگیا ہے،کمیٹی کے اراکین اور سیکیورٹی سے وابستہ نمائندگان اپنی پوزیشن واضح کریں،ہم اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے ۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کمیٹی کے اراکین اور سیکیورٹی سے وابستہ نمائندگان اپنی پوزیشن واضح کریں، ان کے ابہام کی وجہ سے ایسا لگتا ہے کہ سارے کھیل کے پیچھے ان کی غیر جانبداری کا دعویٰ مشکوک ہوجاتا ہے، ان کو اپنی غیر جانبداری واضح کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت کا مظاہرہ کیا گیا، ہم نے ضرور کہا کہ ہم اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے لیکن واضح کردینا چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ ہمارے مقدمے کے لیے کافی نہیں ہے، ہم پاکستان کی عوام کی عدالت میں جائیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس غیر آئینی اقدام کو ختم کیا جائے، ہمیں آئین و قانون کو ہر صورت میں کامیاب بنانا ہے، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عدالت کا احترام سر آنکھوں پر تاہم اس سے اختلاف کرنے کا حق پہنچاتا ہے، آپ فیصلے پر عملدرآمد کرائیں تاہم ہم عوام کی عدالت میں جانے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہاں تو خط آگیا تاہم پنجاب میں کون سا خط آیا تھا، جمعہ کو یوم تحفظ آئین’، ‘یوم نجات’ اور ‘یوم تشکر’ منایا جائے گا جس میں اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی حصہ لیں گی، وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئین شکنی سے مسترد کی گئی۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ ہم الیکشن مان رہے تھے، جب تک خط نہیں آیا اس وقت تک الیکشن یاد نہیں آیا۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ خط آنے کے بعد آپ بہادر آباد میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ملے، کیا اس وقت عمران خان نے اپنے اتحادی کے ساتھ خط کا ذکر کیا؟۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہاں تو خط آگیا، بتایا جائے پنجاب میں کونسا خط آیا ہے، تم نے پنجاب میں ہلڑ بازی کرائی، یہ جمہوریت نہیں ڈکٹیٹر شپ ہے۔شہبازشریف نے کہاکہ تاخیر آئین شکنوں کے حوصلے بڑھاتی ہے، جتنی تیز رفتاری سے آئین شکنی ہوئی، عوام انصاف بھی اتنا ہی تیز ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند سیکنڈ میں آئین پامال کرنے والوں کی کئی دن گزرنے کے باوجود گرفت نہ ہونا عوام کو پریشان کررہا ہے، وفاق کے بعد اب پنجاب میں کھلم کھلا آئین شکنی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں